30 اگست، 2026، 10:13 AM

غزہ میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری، 24 گھنٹوں میں کم از کم 6 فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری، 24 گھنٹوں میں کم از کم 6 فلسطینی شہید

جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور ڈرون حملوں میں خان یونس اور غزہ سٹی سمیت مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ کی پٹی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 6 فلسطینی شہید ہوگئے۔

الجزیرہ کے مطابق غزہ سٹی کے جنوب مشرقی علاقے، خاص طور پر الزیتون محلے کے اطراف سے شدید توپ خانے کی آوازیں سنی گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق علاقے میں کم از کم تین مارٹر گولے داغے گئے، جس کے بعد زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور علاقے کے اوپر دھوئیں کے بادل دکھائی دیے۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فائرنگ اور ڈرون حملوں میں کم از کم 6 فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ گزشتہ روز بھی 5 فلسطینی شہید ہوئے تھے۔

شہید ہونے والوں میں سے 3 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، جنہیں خان یونس میں نشانہ بنایا گیا۔ دیگر فلسطینی غزہ سٹی میں ہونے والے الگ الگ حملوں میں شہید ہوئے۔ حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، جنہیں علاج کے لیے الشفا اسپتال منتقل کیا گیا۔

غزہ میں یہ صورتحال ایک ایسے وقت میں جاری ہے جب علاقے میں جنگ بندی بدستور نازک مرحلے میں ہے۔ فلسطینی حلقوں میں خدشات بڑھ رہے ہیں کہ اگر اسرائیلی حکومت جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی جاری رکھتی ہے تو یہ معاہدہ زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکے گا۔

رپورٹس کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اسرائیلی حکومت کی جانب سے اس کی شرائط کی خلاف ورزی کے 4,700 سے زائد واقعات ریکارڈ کیے جاچکے ہیں۔

News ID 1940985

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha